
منہاج القرآن ویمن لیگ کلر سیداں کے زیرِاہتمام 7 نومبر 2022 کو منہاج ماڈل سکول یوسی بھلاکھر میں میلاد النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں زونل ناظمہ شمالی پنجاب حدیقہ بتول نے خصوصی خطاب کیا اور صدر ضلع راولپنڈی رابعہ مظہر نے خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ پروگرام میں خواتین کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔
محفل میلاد مصطفی ﷺ کا آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا جس کے بعد بارگاہ رسالتمآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے گئے۔ محفل میں موجود خواتین سے خطاب کرتے ہوئے حدیقہ بتول کا کہنا تھا کہ قبل از اسلام عرب قوم جہالت کے اندھیروں میں ڈوبی ہوئی تھی۔ انسانیت سسک رہی تھی، معاشرے میں خواتین کا کوئی مقام نہ تھا، اخلاق سے عاری یہ قوم اگر کوئی جنگ شروع کرتی تو اسکو نسل در نسل جاری رکھتی۔ ایسے میں افق عالم پر ایک ایسا آفتاب طلوع ہوا جس نے تڑپتی ہوئی سسکتی ہوئی انسانیت کے جسد میں پھر سے زندگی کی روح پھونک دی۔ یہ آفتاب عرب قوم کیلئے ربیع (بہار) ثابت ہوا ۔ آپ ﷺ نے عرب قوم کو ایسے اخلاق اور تہذیب سے روشناس کروایا کہ دنیا آج اسکی مثال دینے سے قاصر ہے۔
کانفرنس کے شاندار انتظامات پر محترمہ حدیقہ بتول نے پرنسپل سکول و ڈائیریکٹر ایگرز عائشہ فیاض، قراۃ العین، اور محترمہ غوثیہ رحمان کو خصوصی مبارکباد پیش کی اور ان کی دینی و ملی کاوشوں کو سراہا۔ کانفرنس کے اختتام پر امت مسلمہ بالخصوص پاکستان کی سلامتی، عظیم مصطفوی مشن کی کامیابی اور شیخ الاسلام کی صحت و درازئ عمر کیلئے دعا کی گئی۔





تبصرہ