
منہاج القرآن ویمن لیگ ہارون آباد کے زیرِاہتمام 8 نومبر 2022 کو سالانہ محفلِ میلاد النبیﷺ کا انعقاد کیا گیا جس میں ناظمہ زونز انیلا الیاس نے خصوصی خطاب کیا، جبکہ زونل ناظمہ جنوبی پنجاب مصباح مصطفیٰ اور نائب زونل ناظمہ سینٹرل پنجاب اے صباء اسلم نے خصوصی شرکت کی۔ محفل میں ڈونگہ بونگہ، فقیر والی اور چشتیاں کی تنظیمی ارکان نے بھی شرکت کی۔ صدر منہاج القرآن ویمن لیگ ہارون آباد محترمہ سمیرا نازلی نے تمام شرکائے محفل کو استقبالیہ پیش کیا۔
محفل میلاد مصطفی ﷺ کا آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا جس کے بعد بارگاہ رسالتمآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے گئے۔ محفل میں موجود خواتین سے خطاب کرتے ہوئے انیلا الیاس کا کہنا تھا کہ جو ذات باعثِ تخلیق کائنات ہے اس سے عشق و محبت، وفا و اطاعت کے بغیر ایمان کے مکمل ہونے کا تصور ہی نہیں۔ اگر اللہ تعالیٰ نے کائنات کو تخلیق کر کے مخلوقات میں اپنے رب ہونے کو ظاہر کیا ہے تو حضور ﷺ کی وجہ سے، اس لئے دین، ایمان، علم، عمل، دعوت، تبلیغ الغرض پورے دین کا مرکز و محور حضور نبی اکرمﷺ کی ذاتِ اقدس ہے۔
ہارون آباد کی تنظیم کو محفل کے شاندار انتظامات اور خواتین کی کثیر تعداد کی شرکت پر محترمہ مصباح مصطفیٰ نے خصوصی مبارکباد پیش کی اور ان کی دینی و ملی کاوشوں کو سراہا۔ کانفرنس کے اختتام پر امت مسلمہ بالخصوص پاکستان کی سلامتی، عظیم مصطفوی مشن کی کامیابی اور شیخ الاسلام کی صحت و درازئ عمر کیلئے دعا کی گئی۔









تبصرہ