
منہاج القرآن ویمن لیگ کشمیر کے زیرِ اہتمام مظفرآباد کے علاقہ گوجرہ میں20 نومبر 2022 کو میلاد النبیﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ،جس میں زونل ناظمہ کشمیر محترمہ رافعہ عروج ملک نے خصوصی شرکت و خطاب کیا۔
محفل میلاد مصطفی ﷺ کا آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا جس کے بعد بارگاہِ رسالتمآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے گئے۔شرکاء کانفرنس سےگفتگو کرتے ہوئے رافعہ عروج ملک کا کہنا تھا کہ ہمیں حضور نبی اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ اور اسوہ حسنہ کو ہر دم سامنے رکھتے ہوئے اپنے معمولات زندگی گزارنے کی کوشش کرنی چاہیے، رسول اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ پر خود عمل پیرا ہو کر دوسروں کو بھی خیر کی دعوت دیں، کیونکہ میانہ روی، فلاح عامہ، باہمی اخوت و محبت اور امن و سلامتی کی راہ ہی سیرت طیبہ کی راہ ہے۔
کانفرنس میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی جس پر زونل ناظمہ کی جانب سے مقامی صدر شکیلہ خانم اور ناظمہ صائمہ شاہد کو خصوصی مبارکباد پیش کی اور ان کی دینی و ملی کاوشوں کو سراہا۔ محفل کے اختتام پر امت مسلمہ بالخصوص پاکستان کی سلامتی، عظیم مصطفوی مشن کی کامیابی اور شیخ الاسلام کی صحت و درازئ عمر کیلئے دعا کی گئی۔




تبصرہ