
منہاج القرآن ویمن لیگ کے ذیلی شعبہ عرفان الہدایہ کے زیرِ اہتمام "دورہ قرآن2026" کے افتتاحی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔افتتاحی سیشن میں ملک بھر سے آن لائن اور فزیکلی خواتین اور طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
دورہ قرآن کی افتتاحی تقریب میں محترمہ لبنیٰ مشتاق ہیڈ کوآرڈینیشن کونسل ویمن لیگ نے سامعات کے سامنے رمضان المبارک کی روحانی فضا میں قرآنِ مجید سے جڑنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور واضح کیا کہ دورۂ قرآن محض تلاوت تک محدود نہیں بلکہ قرآن فہمی، شعورِ دین کی بیداری اور عملی زندگی میں قرآنی تعلیمات کے نفاذ کی ایک منظم اور بامقصد کاوش ہے۔
انہوں نے کہا کہ دورۂ قرآن کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ہم رمضان المبارک کی برکتوں کو سمیٹتے ہوئے قرآنِ حکیم کے پیغام کو سمجھیں، اس پر غور و فکر کریں اور اپنی انفرادی، خاندانی اور معاشرتی زندگیوں کو قرآن کے سنہری اصولوں کے مطابق ڈھالیں۔
محترمہ انیلہ الیاس ڈائریکٹر دعوت و تربیت ویمن لیگ نے سامعات کے سامنے سورۃ الفاتحہ کا لفظی و بامحاورہ ترجمہ،تفسیری نکات اور اہم مضامین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ سورت قرآنِ مجید کی پہلی سورت ہونے کے ساتھ ساتھ پورے قرآن کا خلاصہ اور “اُمُّ الکتاب” کہلاتی ہے، کیونکہ اس میں قرآنِ مجید کے تمام بنیادی عقائد، ہدایات اور عملی اصول نہایت جامع انداز میں سمو دیے گئے ہیں۔مزید برآں سورۃ الفاتحہ کی تفسیر کرواتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ سورت اللہ تعالیٰ اور بندے کے درمیان ایک عظیم مکالمہ ہے، جس میں بندہ اللہ کی حمد و ثناء بیان کرتا ہے اور اللہ ربّ العزت اپنے بندے کی دعا کو قبول فرماتا ہے۔ انہوں نے اس بات کی وضاحت کی کہ سورۃ الفاتحہ نماز کا بنیادی جزو ہے اور اس کے بغیر نماز مکمل نہیں ہوتی، جس سے اس سورت کی عظمت اور اہمیت واضح ہوتی ہے۔ سیشن کا اختتام دعا کے ساتھ کیا گیا۔






تبصرہ