سیدہ عائشہؓ صدیقہ علم و تقویٰ کا عظیم نمونہ ہیں: ہیڈ کوآرڈینیشن کونسل منہاج القرآن ویمن لیگ
منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام سیدہ عائشہ ؓ صدیقہ کے یوم وصال پر فکری نشست کا انعقاد

لاہور (7 مارچ 2026) منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں اُمّ المؤمنین حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے یومِ وصال کے موقع پر خصوصی فکری و دعائیہ نشست کا انعقاد کیا گیا۔ فکری نشست میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی، صوبائی اور ضلعی عہدیدار خواتین نے شرکت کی اور اُمّ المؤمنین کی خدمات اور تعلیمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن ویمن لیگ کی ہیڈ کوآرڈینیشن کونسل لبنیٰ مشتاق نے کہا کہ سیدہ عائشہ صدیقہؓ علم، فہم دین، تقویٰ اور اخلاق حسنہ کا عظیم نمونہ تھیں، انہوں نے خواتین کی تعلیم و تربیت اور دین کی اشاعت میں بے مثال کردار ادا کیا اور امت مسلمہ کےلئے رہنمائی کا روشن چراغ بنیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین اگر اپنی عملی زندگی میں سیدہ عائشہؓ کی سیرت کے اصولوں کو اختیار کریں تو وہ نہ صرف اپنی شخصیت کو سنوار سکتی ہیں بلکہ معاشرے میں مثبت اور تعمیری کردار بھی ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امّ المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہؓ نے علم، فہمِ دین اور دانائی کے میدان میں جو خدمات انجام دیں وہ اسلامی تاریخ کا روشن باب ہیں۔ آپؓ نے علمِ حدیث اور فقہ میں گراں قدر رہنمائی فراہم کی اور خواتین سمیت پوری امت کے لیے علمی اور اخلاقی رہنمائی کا ذریعہ بنیں۔ لبنیٰ مشتاق نے کہا کہ آج کے دور میں مسلم خواتین کے لیے ضروری ہے کہ وہ سیدہ عائشہؓ کی سادہ، باوقار اور باعمل زندگی کو مشعلِ راہ بنائیں۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ امّ المؤمنین کی تعلیمات ہمیں علم کے فروغ، کردار کی پاکیزگی اور دینی شعور کو فروغ دینے کا درس دیتی ہیں۔ اگر خواتین سیدہ عائشہؓ کی علمی و اخلاقی میراث کو اپنائیں تو خاندان اور معاشرے دونوں کی اصلاح ممکن ہے۔
لبنیٰ مشتاق نے کہا کہ تاریخ اسلام میں سیدہ عائشہؓ کو علم و حکمت کے سرچشمہ کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔ آپؓ کی شخصیت قیامت تک آنے والی خواتین کے لیے رہنمائی کا مینار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم خواتین کو چاہیے کہ وہ سیدہ عائشہؓ کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بناتے ہوئے معاشرے کی بہتری اور اصلاح میں بھرپور کردار ادا کریں۔ تقریب میں ممبر کوآرڈینیشن کونسل عائشہ مبشر، سحر عنبرین، رابعہ شفق، ثنا وحید اور نورین علوی نے بھی شرکت کی۔

تبصرہ