اسلام نے خواتین کو عزت، وقار اور معاشرتی احترام کا اعلیٰ مقام دیا
عالمی یوم خواتین ہمیں خواتین کے حقوق کی اہمیت یاد دلاتا ہے، ہیڈ کوآرڈینیشن کونسلMWL
لاہور (8 مارچ 2026) عالمی یومِ خواتین کے موقع پر منہاج القرآن ویمن لیگ کی ہیڈ کوآرڈینیشن کونسل لبنیٰ مشتاق نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی، استحکام اور مثبت تبدیلی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے عورت کو عزت، وقار اور معاشرتی احترام کا جو مقام عطا کیا وہ انسانی تاریخ میں ایک منفرد مثال ہے۔ آج کے دور میں ضروری ہے کہ خواتین اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے معاشرتی ترقی اور اخلاقی اقدار کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کریں۔
لبنیٰ مشتاق نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ گزشتہ کئی دہائیوں سے خواتین کی فکری، اخلاقی اور تعلیمی تربیت کے لیے مؤثر خدمات انجام دے رہی ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کے پلیٹ فارم سے خواتین کو دین کی صحیح تعلیمات سے روشناس کرانے، سماجی شعور بیدار کرنے اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ فورم خواتین کی کردار سازی، تربیت اور خدمتِ خلق کے میدان میں ایک مؤثر پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی یومِ خواتین ہمیں اس امر کی یاد دہانی کراتا ہے کہ خواتین کی تعلیم اور تحفظ کو یقینی بنانا معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اگر خواتین کو علم، شعور اور مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ خاندان، معاشرے اور ریاست کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکتی ہیں۔
لبنیٰ مشتاق نے کہا کہ اسلام خواتین کو باوقار اور باصلاحیت شہری کے طور پر دیکھتا ہے اور انہیں معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ خواتین کی فکری و اخلاقی تربیت اور سماجی خدمت کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی تاکہ ایک باشعور، مہذب اور متوازن معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکے۔

تبصرہ