ماں کی قربانیوں سے انسان کو پہچان اور مقام ملتا ہے: ڈاکٹر غزالہ قادری

ماں پہلی معلمہ، درسگاہ اور ایک عظیم نعمت ہے: صدر منہاج القرآن ویمن لیگ انٹرنیشنل
شیخ الاسلام نے مراکز علم کے ویژن میں ماں کے کردار کو سب سے بلند رکھا ہے

Dr Ghazala Qadri Meeting Women Itikaf 2026

لاہور (10مئی 2026) منہاج القرآن ویمن لیگ انٹرنیشنل کی صدر ڈاکٹر غزالہ قادری نے ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ماں کی قربانیوں سے انسان کو سوسائٹی میں پہچان اور مقام ملتا ہے۔ اسلام میں ہر دن ماں کی عظمت کے اعتراف اور اس کی خدمت کا دن ہے، اولاد کی تربیت اور ایک تہذیب یافتہ مثالی معاشرہ کی تشکیل میں ماں کا کلیدی کردار ہے، انہوں نے کہا کہ ماں ایک ایسی عظیم نعمت ہے جس کی محبت، شفقت اور دعا انسان کی پوری زندگی پر اثر انداز ہوتی ہے۔ ماں انسان کی پہلی درسگاہ، پہلی معلمہ اور پہلی مربیہ ہے جو اپنی اولاد کی نہ صرف جسمانی بلکہ روحانی، اخلاقی اور فکری تربیت بھی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی تاریخ، تہذیب و تمدّن اور دنیا کے ہر مذہب و معاشرے میں ماں کے رشتے کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے مگر ماں کی عظمت اور اس کے بلند مرتبے کی جو تعلیمات اسلام نے پیش کی ہیں وہ ہر قوم، ہر مذہب اور ہر تہذیب کیلئے رول ماڈل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مصطفوی معاشرہ کی تشکیل کے لئے مراکز علم کا ایک ویژن دیا ہے، اس ویژن کے تحت پاکستان بھر میں 25 ہزار مراکز علم قائم کئے جارہے ہیں اور اس ویژن میں ماں کے کردار کو سب سے بلند رکھا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماؤں سے پیار کریں، ان کا احترام کریں اور اللہ کی اس نعمت سے جس قدر ممکن ہو سکے دعاؤں اور خدمت کی شکل میں فائدہ اٹھائیں، انہوں نے کہا کہ ماں کی دعا انسان کے لئے سب سے بڑی طاقت اور موٹیویشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے اس دور میں مقدس انسانی رشتوں کے باہمی میل میلاپ اور رابطوں میں کمی آئی ہے، اس کمی کو اپنی توجہ سے پورا کریں۔

تبصرہ