خواتین کی تعلیم و تربیت کے بغیر متوازن معاشرے کی تشکیل ممکن نہیں
ماں صرف پرورش نہیں بلکہ کردار سازی بھی کرتی ہے: ہیڈ کوآرڈینیشن کونسل MWL
منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام مدرز ڈے پر منعقدہ فکری نشست سے گفتگو

لاہور (9مئی 2026) منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام مدرز ڈے کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ میں فکری نشست کا انعقاد کیا گیا، جس سے خطاب کرتے ہوئے ہیڈ کوآرڈینیشن کونسل منہاج القرآن ویمن لیگ لبنیٰ مشتاق نے کہا ہے کہ ماں کی گود انسان کی پہلی درسگاہ ہے اور ایک صالح، باکردار اور باصلاحیت نسل کی تعمیر میں ماں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط معاشروں کی بنیاد اعلیٰ تربیت یافتہ اور باشعور مائیں ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام نے ماں کے مقام و مرتبے کو انتہائی بلند رکھا ہے اور جنت کو ماں کے قدموں تلے قرار دے کر اس کی عظمت کو اجاگر کیا ہے۔ ماں صرف بچوں کی جسمانی پرورش نہیں کرتی بلکہ ان کی شخصیت، کردار، سوچ اور اخلاق کی تعمیر بھی کرتی ہے، اسی لیے معاشرے کی فکری، اخلاقی اور روحانی تشکیل میں ماؤں کی ذمہ داری نہایت اہمیت کی حامل ہے۔
لبنیٰ مشتاق نے کہا کہ موجودہ دور میں بڑھتے ہوئے فکری اور معاشرتی چیلنجز کے پیشِ نظر ماؤں کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔ نئی نسل کو دین، اخلاق، احترامِ انسانیت اور مثبت اقدار سے روشناس کروانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ نوجوان نسل بے راہ روی اور منفی رجحانات سے محفوظ رہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایک تعلیم یافتہ، باشعور اور باکردار ماں پورے خاندان اور معاشرے پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔ خواتین کی تعلیم، تربیت اور شعور بیداری کے بغیر متوازن، پُرامن اور ترقی یافتہ معاشرے کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مدرز ڈے محض ایک رسمی دن نہیں بلکہ ماں کی محبت، قربانیوں اور عظیم کردار کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع ہے، ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی ماؤں کے احترام، خدمت اور ان کی دعاؤں کو اپنی زندگی کا مستقل حصہ بنائیں۔
لبنیٰ مشتاق نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ خواتین کی دینی، فکری اور اخلاقی تربیت کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ مختلف تربیتی پروگرامز، فکری نشستوں اور اصلاحی سرگرمیوں کے ذریعے خواتین میں شعور، مثبت طرزِ فکر اور خاندانی اقدار کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے والدین خصوصاً ماؤں پر زور دیا کہ وہ بچوں کے ساتھ معیاری وقت گزاریں، ان کی ذہنی و اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دیں اور گھروں میں دینی و اخلاقی ماحول کو فروغ دیں تاکہ ایک صحت مند، مہذب اور باوقار معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔ فکری نشست میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی رہنمائوں نے شرکت کی۔
خواتین رہنمائوں نے ماں کے عظیم کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ معاشرے میں مثبت اقدار، احترامِ والدین اور اخلاقی تربیت کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کی جائیں گی۔ فکری نشست میں عائشہ مبشر، حافظہ سحر عنبرین، ثنا وحید، انیلہ الیاس، نورین علوی ، رابعہ شفیق و دیگر نے شرکت کی۔

تبصرہ