سیدہ خدیجۃ الکبریٰؓ اعلیٰ پائے کی منتظم اوررحم دل خاتون تھیں: ڈاکٹر فرح ناز

دنیا و آخرت کی کامیابی سیدہ خدیجۃ الکبریٰؓ کی سیرت پر عمل پیرا ہونے میں ہے
حضرت خدیجہؓ تمام مسلمان خواتین کے لیے رول ماڈل ہیں: صدر منہاج ویمن لیگ

لاہور (یکم اپریل 2023ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے زوجہ رسول ﷺ سیدہ خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا کے یوم وصال کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ خواتین کیلئے دنیا و آخرت کی کامیابی سیدہ خدیجۃ الکبریٰؓ کی سیرت مقدسہ پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔ زوجہ رسول ﷺ پارسا، جوہر شناس، اعلیٰ پائے کی منتظم اوررحم دل خاتون تھیں، آپ کی تجارت کی شام سے یمن تک شہرت تھی۔

حضرت خدیجۃ الکبریٰؓ نے اعلان نبوت کی خبر سب سے پہلے سنی اور تصدیق کی، آپ کو دنیا کی پہلی مسلمان خاتون ہونے کا شرف بھی حاصل ہے، مہر نبوت عطاء ہونے پر سیدہ خدیجۃ الکبریٰؓ نے حضور نبی اکرم ﷺ کو جس محبت بھرے الفاظ سے تسلی دی وہ الفاظ تاریخ کا سنہرا باب بن گئے، سیدہ خدیجۃ الکبریٰؓ نے فرمایا اللہ آپ ﷺ کو کبھی تنہا نہیں کرے گا، آپ ﷺ صلہ رحمی کرتے ہیں، بے کسوں اور فقیروں کے معاون ہیں، آپ ﷺ مہمان نوازی کرتے ہیں اور مسائل میں حق کی حمایت کرتے ہیں، حضرت خدیجۃ الکبریٰؓ اسلام کے متعلق آپ ﷺ کی سچی مشیر تھیں اور اپنے ہاتھوں سے خدمت بجا لاتی تھیں۔ حضرت خدیجہؓ تمام مسلمان خواتین کے لیے رول ماڈل ہیں، وہ ایک بہترین ماں، تاجرہ، شریک حیات اور مسلمان تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ نے بطور تاجر وہ نام کمایا جو کسی اور کے حصے میں نہیں آیا، حسن تدبیر، دیانتداری میں وہ اپنی مثال آپ تھیں، آپ رضی اللہ عنہا کے تجارتی قافلوں میں عیسائی اور یہودی ملازم بھی شامل تھے مگر وہ سب سے منصفانہ برتاؤ کرتی تھیں۔

تبصرہ