پاکستان عوامی تحریک کے قائدین شام 5 بجے پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے
11 سال سے انصاف کے لئے قانونی چارہ جوئی کررہے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
عدلیہ ماڈل ٹائون کے مظلوموں کو انصاف دینے کیلئے اپیلوں پر ہمدردانہ غور کرے
شہدائے ماڈل ٹائون کی 11ویں برسی آج 17 جون 2025ء (منگل) منائی جائے گی۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور و دیگر مرکزی قائدین شام 5 بجے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں قائم یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائیں گے اور اہم پریس کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے۔ تمام تنظیمات 17 جون کو شہدائے ماڈل ٹائون کی قبروں پر حاضری دیں گی، پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی اس کے علاوہ شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے ایصال ثواب کی دعائیہ محافل منعقد کی جائیں گی۔
سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ اس وقت سانحہ ماڈل ٹائون کے تمام کیسز عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔ ہم احتجاج کریں تو کس کے خلاف کریں۔ ہم عدالتوں سے استدعا ہی کر سکتے ہیں کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے تمام کیسز اور اپیلیں ترجیحاً سنی اور نمٹائی جائیں۔ بالخصوص سٹے آرڈر کا شکار جے آئی ٹی کو کام کرنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری چیف جسٹس سپریم کورٹ اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے استدعا ہے کہ وہ زیر التواء اپیلوں پر فیصلے کروائیں تاکہ انصاف کا عمل شروع ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیشہ قانون کے احترام کی تعلیم دی ہے اور ہم انصاف کے لئے اپنا قانونی حق استعمال کررہے ہیں۔ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور سے لیکر لاہور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ تک ہمارے وکلاء پیش ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے عدلیہ سانحہ ماڈل ٹائون کے مظلوموں کو انصاف دینے کے لئے ہماری اپیلوں پر ہمدردانہ غور کرے گی۔
تبصرہ