تقریب میں صدر منہاج القرآن ویمن لیگ ڈاکٹر غزالہ قادری سمیت منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ذمہ داران اور خواتین کی بڑی تعداد فزیکل اور آن لائن شریک ہوئی

لاہور: پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیرِاہتمام مرکزی سیکرٹریٹ منہاج القرآن انٹرنیشنل ماڈل ٹاؤن لاہور میں دورۂ قرآن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ سراپا تربیت ہے۔ آپ ﷺ نے انسان کی گھریلو، معاشرتی اور اخلاقی زندگی کی کمزوریوں کی اصلاح و کردار سازی کو اولین ترجیح دی۔ نکاح محض ایک عقد نہیں بلکہ ذمہ داریوں کا مکمل نظام ہے۔ اچھا شوہر بننا، بیوی کے حقوق ادا کرنا، صبر و برداشت اختیار کرنا، رزقِ حلال کمانا اور اولاد کی صحیح تربیت کرنا بھی سنت کے تقاضے ہیں۔ صرف نکاح کر لینا اتباعِ سنت نہیں بلکہ اس کے حقوق اور فرائض ادا کرنا حقیقی سنت ہے۔
انہوں نے حدیثِ مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر شخص اپنی رعیت کے بارے میں جواب دہ ہے۔ شوہر اپنے گھر کا نگہبان ہے اور بیوی گھر اور اولاد کی امانت دار ہے۔ والدین اگر خود دیانت، سچائی اور تقویٰ کا عملی نمونہ نہ ہوں تو وہ اولاد سے اچھے کردار کی توقع نہیں کر سکتے۔ قرآن مجید کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اولاد کو مفلسی کے خوف سے قتل نہ کرو، اللہ ہی سب کو رزق دینے والا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ تربیت سے غفلت بھی ایک طرح کی روحانی تباہی ہے۔ اگر والدین بچوں کو سوشل میڈیا اور غیر معیاری مواد کے حوالے کر دیں اور خود وقت نہ دیں تو ان کی شخصیت بیرونی اثرات کے تحت تشکیل پائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بچے کی اوّلین درسگاہ ماں کی گود ہے اگر والدین عملی نگرانی کریں تو خاندان سنور سکتا ہے۔ گھریلو ناچاقیاں، بداعتمادی اور بے احترامی بچوں کی شخصیت پر منفی اثرات مرتب کرتی ہیں۔ قرآن کے مطابق میاں بیوی کا رشتہ سکون، محبت اور باہمی اعتماد کا ذریعہ ہے۔ سیدہ خدیجۃ الکبریٰؓ کے کردار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حضور ﷺ کو مشکل گھڑی میں حوصلہ اور سکون فراہم کیا، جو ایک مثالی زوجہ کا کردار ہے۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ گھر کو قرآن و سنت کے مطابق تربیت گاہ بنائیں۔
گفتگو کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ تزکیۂ نفس اور قرآن کی تعلیمات پر عمل سے ہی گھر جنت کا نمونہ بن سکتا ہے۔ منہاج القرآن ایسی فکری و تربیتی کیاری تیار کر رہا ہے جہاں ایمان، اخلاق اور اصلاحِ احوال کی خوشبو پروان چڑھتی ہے۔
تقریب میں گروپ ہیڈ منہاج القرآن ویمن لیگ کرنل ر خالد جاوید، صوفی مقصود قادری، ہیڈ کوارڈینیشن کونسل لبنیٰ مشتاق، حافظہ سحر عنبرین، عائشہ مبشر، انیلہ الیاس، عائشہ بتول، جویریہ افضل، قرۃ العین زینب، اقراء مبین، ملک وردہ اعوان، صائمہ نور سمیت خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔










تبصرہ